30 ستمبر، 2014

در مدحِ متحدہ بانک

انگریزی زبان میں ایک لفظ ھے۔
Worst
ڈکشنری اس کا مطلب عموماً "برا ترین" بتاتی ھے۔
لیکن جب یہی لفظ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ  نامی پاکستانی بینک کی شان میں استعمال کیا جائے، تو اس کے مطلب کی وضاحت کے لیے جو زبان استعمال کی جانی چاھیئے، اس کی قریب ترین مثال کے لیے علی معین نوازش کی فیس بک پوسٹ پر کمنٹس کا مطالعہ فرمائیں۔
پچھلے کئی سال سے امارات کا سب سے ورسٹ بنک ھونے کا اعزاز حاصل ھے۔
لیکن ہم پاکستانیوں کا کیا کیا جائے  کہ اپنے وطن کی اشیاء دیکھ کر حب الوطنی جوش مارنے لگ جاتی ہے۔
یہاں کی مارکیٹوں میں ایک سے ایک خالص اور اعلٰی کوالٹی کی چیز ملتی ہے لیکن ہم وطن پاکستان سپر سٹور پر جا کر مہنگے داموں اپنی وطنی اشیاء لینے چڑھ جاتے ہیں۔
اسی وطنی جذبے کے تحت جب بھی پیسے یو بی ایل کو استعمال کرتے ہوئے بھیجنے کی کوشش کی، ہمیشہ مایوسی ہوئی۔
معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ ادھر سے پاکستان تک پیسے بھجوانے کے لیےسمندری لانچیں اور  افغانی خچر استعمال کرتے ہیں۔
سسٹم چیک کریں ذرا۔
سروس کا نام "آن لائن" "تیز رفتار" "ٹی ٹی" "فلیش ریمٹ" وغیرہ ہوگا۔ 
دعوٰی فوراً پیسوں کی ڈلیوری کا ہوگا۔
لیکن حقیقت یہ ہوگی کہ پیسے سمندری لانچ کے ذریعے کچھ دن بعد کراچی پہنچیں گے تو کوئی نہ کوئی خچر ان پر دو تین دن کے لیے بیٹھ جائے گا۔ اس سے جان چھٹے گی تو جس منٹھار کی بس، پٹھان کے  ٹرک یا کھوتی ریڑھی کے ذریعے آپ کے شہر تک پیسے جائیں گے، وہ ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے لیٹ ہوگا۔
آخر ڈیڑھ دو ہفتوں کے بعد جب آپ رقم پر اناللہ پڑھ چکے ہونگے ، تو اچانک پورے شہر میں ڈھنڈورا پٹ جائے گا کہ مردہ قبر پھاڑ کر نکل آیا۔ خوشی سے آپ پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کردیں گے۔
یو بی ایل بےکار ترین بینک ہے۔ پرھیز کریں۔
ھمیشہ سوئس بنک استعمال کریں۔

UBL
Where you come first....
and remittance comes last.

6 تبصرے:

  1. یونائیٹڈ کا مطلب ہی متحد ہے یعنی جو خصوصیات ہم میں بطور قوم پائی جائی ہیں اس کا متحد اور اجتماعی مظاہرہ۔ بیرون ملک پی آئی اے سے لے کر بنوں کی نسوار تک ہماری حب الوطنی کی بدولت تابندہ و جاوید ہیں۔ بین القوامی مارکیٹ میں جو چیز کوئی کوڑیوں کے مول نہ لے اسے وطنیت کا لیبل لگا کر بڑے آرام سے فروخت کیا جاسکتا ہے۔ تزویراتی گہرائی نامی ایک پراڈکٹ بھی فی سبیل الوطن پیسے دے کر غیر ضرورتمندوں میں بانٹی گئی تھی، جس کے نتائج ریٹائر جرنیل بہت متاثر کن اور عام بلڈی سویلین ضرررساں بتاتے ہیں۔
    بزرگان اور ناصحان صبر اور شکر کو جنت تک لے جانے والی سواری بتاتے ہیں ، ہمیں یہ سواری مفت میں میسر ہونے پر اللہ کے حضور نفل رکعتوں کا اہتمام کرنا چاہیے بجائے قومی اداروں پر انگلی اٹھانے، دکھانے اور کرنے کے۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. حضور یو بی ایل تو پاکستان کے چوٹی کے 5 بنکوں میں نہیں ہے ۔ پاکستانی سٹور کے متعلق پڑھ کر حیرانی ہوئی ۔ دبئی میں میرے بچے پاکستانی سٹور سے پاکستانی سبزیاں اور چاول وغیرہ لاتے تھے جو سستی اور اچھی بھی ہوتی تھیں شاید آپ کسی دوسرے علاقے کے سٹور کی بات کر رہے ہیں ۔ پاکستانی اچھے ٹماٹر وہاں سے 2 اور 3 درہم کے درمیان فی کلو ملتے تھے جبکہ کارفور پر پاکستانی اور مقامی ٹماٹر 3 سے 4 درہم اور باقی کوئی 8 درہم فی کلو سے کم نہ ہوتے تھے ۔ ویٹ روز پر پاکستانی اور مقامی ٹماٹر نہیں ملتے تھے

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. اس نادر سٹور کا پتہ ھمیں بھی بتائیں۔ کیونکہ جن معروف پاکستانی سٹورز سے ھم نے خریداری کی ھے، مقامی فروٹ ویجیٹیبل مارکیٹ اس سے بہت سستی ھے۔ حتٰی کہ کارفور و دیگر کے ریٹ اور کوالٹی ان سے بہتر ھے۔

      حذف کریں
  3. آغا حسن عابدی کی روح اس حال کو دیکھ کر یقیننا تڑپ رہی ھو گی

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. اگر مجھے صحیح یاد ھے تو آغا صاحب نے ستر کی دہائی کی نیشنلائزیشن کے نتیجے میں ہی اس بینک پر انا للہ پڑھ لی تھی، اور بی سی سی آئی قائم کرنے چل پڑے تھے۔

      حذف کریں
  4. جناب اس بینک کی یہ حالت صرف باہر ہی نہیں یہاں پاکستان میں بھی کچھ ایسا ہی ہے۔مجھے والد صاحب کی پینشن لینے کے لیے ہر ماہ اس بینک میں جانا پڑتا ہے اور ہر دفعہ میں یہ جملہ Where You Come First پڑھ کہ سارا راستے میں سوچتا اور کڑھتا آتا ہوں۔

    جواب دیںحذف کریں