6 جون، 2008

میں بلاگ کیوں لکھوں گا؟ - دوسرا حصہ


 کتابیات:
میں 1986 میں سعودی عرب سے  مستقل طور پر پاکستان واپس آگیا۔ میرے بڑے بھائی کتابیں پڑھنے کے شوقین تھے اوراباجی کے سعودیہ ھونے کا فائدہ اٹھا کر انہوں نے پاکستان میں کافی کتابیں اکٹھی کی ھوئی تھیں۔۔ لیکن ھر طرح کی نہیں ۔ بلکہ بہت ھی عجیب و غریب۔ (کم از کم مجھے اس عمر میں عجیب ھی لگتی تھیں )۔ مثلاً۔ عملی نفسیات۔  ابواعلیٰ مودودی۔ دست شناسی۔خلیل جبران۔دیسی جڑی بوٹیوں کے خواص۔جنرل نالج۔ یعنی کہ کسی بھی قسم کے ڈائجسٹ، افسانے ، ناول   یا اسی قسم کی پرلطف کیٹیگری کی کوئی کتاب گھر پر نہیں تھی۔

ھمارا گھر شہر سے قدرے دور ایک تقریباً بے آباد کالونی میں تھا۔ اور سکول کے بعد شدید تنہائی تھی۔ اس لیے مصروفیت ڈھونڈتے ڈھونڈتے مجھے دس سال کی عمر سے کتابوں کی لت لگ گئی۔

آھستہ آھستہ  اردو پڑھنے کی رفتا ر اتنی ھو گئی کہ کھڑے کھڑے  چند گھنٹوں میں  پوری کتاب چاٹ جاتا۔اسی سپیڈ ریڈنگ کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ تھا کہ  میرے بھائی جو کتابیں میونسپل لائبریری سے لاتے ، ان سے پہلے میں کتاب چھپا کر پڑھ جاتا اور بھائیوں سے "اپنی عمر سے بڑی" کتابیں پڑھنے پر گالیا ں کھاتا۔جہاں اس سپیڈ ریڈنگ نے  مجھے ذھنی طور پر سہارا دیا، وہیں اس کا ایک نقصان بھی ھوا اور وہ یہ کہ کتاب تو پوری پڑھی جاتی لیکن کتاب پڑھنے کا لطف آھستہ آھستہ جاتا رھا۔ کتاب کے مین پوائنٹ تو یاد رھتے لیکن بیچ میں کیا گھوڑے دوڑ رھے تھے ، ان کی تعداد و خصوصیات آفٹر شیو کی طرح فضا میں تحلیل ھو جاتیں۔

یہ سب مطالعہ اردو کتب کا تھا۔

2005 میں لاھور  لبرٹی مارکیٹ میں واقع  گلیکسی بک سٹور میں یونہی پہلی دفعہ گُھسا تو انڈیا میں سستے کاغذ پر  چھپے انگریزی کتابوں کے پائیریٹڈ ایڈیشنزکی قیمتیں دیکھ کر حیران ھو گیا۔ عموماً لاھور میں کتب فروش کتابوں کی قیمت یہ دیکھ کر طے کرتے ھیں کہ کتاب کس زبان کی اور کتنی ضخیم  ھے۔ اسی لیے عموماً انگریزی ردّی کا بھاؤ بھی آسمان سے باتیں کرتا ھے۔ گلیکسی میں تقریباً تمام انگریزی کتب 20 روپے سے لے کر پچاس ساٹھ تک میں بک رھی تھیں۔ اسی لیے رال ٹپک پڑی اور تُکے سے  ایک سستی سی کتاب بنام "آخری مغل" تصنیف بہ ولیم ڈیلرمپل خرید لی۔  یہ کتاب بہادر شاہ ظفر اور 1857 کے غدر کے متعلق تھی۔

اس کتاب کے ختم کرنے کے بعد میری  اردو کتب بینی کی لت کی موت واقع ھو گئی۔

مجھ پر آشکار ھواکہ انگریزی زبان میں لکھی گئی تاریخ کی کتابیں عموماکئی سال کی  ریسرچ کے بعد لکھی جاتی ھیں اور انگریزی مصنف اپنی کتاب میں ، اسی موضوع کی اردو زبان کی تاریخ کی طرح عموماً مختلف واقعات کو سنسرکرنے کی بجائے ان سے منسوب تمام حوالے دے کر سچ جھوٹ کا فیصلہ قاری پر چھوڑ دیتے ھیں۔

اسی لیے میں تب سے انگریزی کتب پڑھ رھا ھوں۔ (ایک وجہ ویسے یہ بھی ھے کہ اردو میں تب سے  احمد بشیر کی دل تو بھٹکے گا کے بعد کوئی قابل ذکر کام نہیں دیکھا۔ شائد سب تخلیقی لوگوں کو میڈیا کھا گیا اور مزید یہ کہ اب سنگ میل کی کتب ھزاروں روپے میں بکتی ھیں ، جس کی اوقات نہیں ، اس لیے اُن کتب کو عموماً دکان میں ھی سپیڈ ریڈنگ کر کے پھڑُس  کر دیتا ہوں)۔

میرے بلاگ کا ایک مقصد پڑھی ھوئی انگریزی  کتابوں کے اچھوتے حصوں کو بلاگ کے ذریعے اردو قاری تک لے کر آنا ھے تاکہ پڑھیں اورسوچ کا الاؤ گرم کریں۔

3۔ علم دریاؤ
 پاکستان میں جس رفتار سے انٹرنیٹ مختلف حلقہ فکر کے لوگوں تک پھیل رھا ھے۔ اس کو دیکھتے ھوئے میرا خیال ھے کہ آنے والے کچھ سالوں میں اردو میں اب لکھا گیا آن لائن مواد کروڑوں عوام کے لیے کافی فائدہ مند ھوگا۔

اردو بلاگز میں آپ ھر طرح کے موضوعات  دیکھیں گے۔ مذھب، سیاسیات، مزاحیات، ذاتیات،بکواسیات۔۔ لیکن اگر نہیں دیکھیں گے تو علم معاشیات یا روپے پیسے  سے متعلق موضوعات نظر نہیں آئیں گے۔شائد اس کی وجہ یہ ھے کہ یا تو بلاگرز  کو ان علوم کی اہمیت کا احساس نہیں یا پھر ھمارے لوگ روپے پیسے سے متعلق علوم پر تھوکنا بھی پسند نہیں کرتے۔ (یہ اور بات ھے کہ روپے پیسے کو چاٹنے سے کراھت نہیں آتی)۔  یہ بھی اھم ھے کہ ھماری معاشیات کی کتابیں کافی گاڑھی اردو میں لکھی ھوتی ھیں یعنی کہ قانوں برائےافادہ مختمم  کی اصطلاح کو دیکھ کر ھی عوام کی اردو معاشی علم کی پیاس سڑ بُجھ جاتی ھے۔چونکہ میرا پیشہ اور پچھلے پندرہ سال کی پڑھائی بھی اسی سے متعلق ھے ،  اس لیے اس موضوع پر  آسان زبان میں لکھوں گا۔چنانچہ ان تین بنیادی مقاصد کو لے کر میں اردو بلاگنگ دنیا میں چھلانگ لگا رھا ھوں۔



2 تبصرے:

  1. بہت اچھا ارادہ ہے ان شاءاللہ میں بھی مستفید ہوا کرونگی ۔جیتے رہیں خوش رہیں

    جواب دیںحذف کریں
  2. جس انداز میں آپ نے اپنے مقاصد بیان کئے ہیں اسی سے اندازہ ہو رہا ہے کہ کیسا اعلیٰ بلاگ منظر عام پہ آیا ہے۔ موضوعاتی بلاگز کی شدید کمی کو آپ جیسے لوگ ہی پورا کریں گے مستقبل قریب میں۔ انشاءاللہ آنا جانا لگا رہے گا یہاں۔

    جواب دیںحذف کریں